گوگل کی جانب سے ایک بہت بڑی سہولت صارفین سے واپس لی جا رہی ہے خاص طور پر ان افراد کے لیے جو اب جی میل یا کسی گوگل سروس میں اپنا اکاؤنٹ بناتے ہیں۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق ابھی آپ ایک جی میل اکاؤنٹ بناتے ہیں تو گوگل کی جانب سے 15 جی بی مفت کلاؤڈ اسٹوریج فراہم کی جاتی ہے۔
یہ کافی زیادہ اسٹوریج ہوتی ہےاور بیشتر افراد کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔
مگر بظاہر اب ایسا لگتا ہے کہ گوگل کی جانب سے اس سہولت کو واپس لیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کی جانب سے محض 5 جی بی مفت اسٹوریج دینے کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ البتہ جو افراد اپنے اکاؤنٹ کے ساتھ فون نمبر کو منسلک کریں گے، انہیں 15 جی بی اسٹوریج دی جائے گی۔
گوگل کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ اس تبدیلی کی آزمائش کی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم نئے اکاؤنٹس کے لیے نئی اسٹوریج پالیسی کی آزمائش کر رہے ہیں۔
گوگل نے کہا ہے کہ فی الحال مخصوص خطوں میں ایسا کیا جارہا ہے جس کا مقصد اکاؤنٹ سکیورٹی کو بہتر بنانا اور ڈیٹا ریکوری میں مدد فراہم کرنا ہے۔
