آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
آزاد کشمیر کے کچھ حلقوں میں پولنگ کاعمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے الیکشن سیل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط بھی لکھ دیا ہے۔
ویلی4 سے پیپلزپارٹی کے جاوید بٹ، ن لیگ کے محمد یاسین اور آئی پی پی کے حمزہ مجید مدمقابل ہیں، ویلی5 میں ن لیگ کے احمد رضاقادری، پیپلزپارٹی کے محمد راشد اسلام مدمقابل ہیں اور ویلی5 میں ہی جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار اور مسلم کانفرنس کی مہرالنسا مدمقابل ہیں۔
جموں 6 میں پیپلزپارٹی کے چوہدری فخرزمان، ن لیگ کے راجہ محمد صدیق، آئی پی پی کے محمد طاہر کھوکھر بھی مدمقابل ہیں۔
اس کے علاوہ ایل اے43 ویلی 4 میں 16سو سے زائد خواتین ووٹرزسمیت رجسٹرڈووٹرز کی تعداد 3ہزار 346 ہے، ایل اے44 ویلی 5 میں 3 ہزار 294 خواتین ووٹرز سمیت رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 ہزار 996 ہے۔
ایل اے 39 جموں 6 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 37 ہزار کے قریب ہے، ایل اے 39جموں 6 میں چکوال،جہلم، اٹک، پشاور، تلہ گنگ بھی شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے ایل اے43 ویلی 4 میں 10 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں، ایل اے 44 ویلی 5 میں 27 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، ایل اے 39 جموں 6 میں 155 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 955 اور خواتین ووٹرز کی تعداد3 لاکھ 81 ہزار 6 سو 66 ہے۔