کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں ایک شخص نے لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا، ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اسپتال کے شعبہ جنرل سرجری یونٹ میں پیش آیا جہاں پر پوسٹ گریجویٹ ٹرینی خاتون ڈاکٹر ماہ نور نصر پر تیزاب پھینکا گیا۔
کوئٹہ میں درندہ صفت شخص نے سرکاری ہسپتال میں آن ڈیوٹی خاتون ڈاکٹر ماہ نور کے چہرے پر تیزاب پھینکا۔ خاتون ڈاکٹر جھلستی ہوئی درد سے بلکتی رہی۔ جسم کا 70 فیصد حصہ جل گیا۔ ایک آنکھ ضائع۔ خاتون ڈاکٹر علاج کے لئے کراچی منتقل۔#JusticeForDrMahnoor pic.twitter.com/CCjrNzFjNL
— Dr. Shahid Alam (@drshahidsays) June 6, 2026
واقعے کے بعد متاثرہ خاتون ڈاکٹر کو اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد مزید علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد مزید علاج کے لیے ائیر ایمبولینس سے کراچی پہنچا دیا گیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہےکہ حکومت لیڈی ڈاکٹر کے علاج کی مکمل ذمہ داری اٹھا رہی ہے، واقعےکی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب تیزاب گردی کے واقعے کے بعد متعلقہ سول لائن تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے مطابق لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینک کر فرار ہونے والا ملزم ہمایوں شاہ تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں موسیٰ کالونی کے قریب پولیس مقابلے میں مارا گیا، جس کی لاش سول اسپتال منتقل کردی گئی۔
