فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مراکش کو 0-2 سے شکست دے دی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں فرانسیسی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔
پہلا ہاف: میچ کے آغاز سے ہی فرانس نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مراکش کے گول پوسٹ پر مسلسل حملے کیے۔ فرانس کو ایک پینلٹی کک بھی ملی، تاہم ایمباپے کی ہٹ کو مراکشی گول کیپر نے شاندار انداز میں روک کر گول کا موقع ضائع کر دیا۔ یوں پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔
دوسرا ہاف اور فیصلہ کن لمحات: دوسرے ہاف میں فرانسیسی کھلاڑیوں نے اپنی حکمت عملی کو مزید بہتر بنایا۔ 60 ویں منٹ میں کپتان کائلین ایمباپے نے بال کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ اس کے صرف 6 منٹ بعد یعنی 66 ویں منٹ میں ڈیمبیلے نے ایک اور خوبصورت گول کر کے فرانس کی برتری کو دگنا کر دیا۔
🇫🇷 On to the Semi-final.#FIFAWorldCup
— FIFA World Cup (@FIFAWorldCup) July 10, 2026
مراکش کی واپسی کی ناکام کوشش: میچ کے آخری لمحات میں مراکش نے مقابلہ برابر کرنے کی سر توڑ کوشش کی۔ 82 ویں منٹ میں ملنے والی فری کک کو فرانسیسی گول کیپر نے مہارت سے ناکام بنایا، جبکہ کھیل کے اختتام تک مراکش کا کوئی بھی کھلاڑی فرانس کے دفاع کو توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
اس فتح کے ساتھ ہی فرانس کی ٹیم مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
