پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے قومی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا ہے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے حالیہ بیان میں کرکٹر پر ہراسانی، دھوکا دہی اور کردار کشی کی حدیں پار کرنے کا الزام لگایا ہے۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ اسٹوری میں ہما سلیم نے کرکٹر کا نام ظاہر کیے بغیر لکھا کہ وہ ایک مشکل دور سے گزرنے کے بعد اب خاموش نہیں رہیں گی۔ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا مذکورہ کرکٹر سے کوئی رابطہ نہیں ہے، تاہم وہ مسلسل انہیں ذہنی اذیت میں مبتلا رکھ رہا ہے۔ ہما سلیم نے لکھا، "کوئی بھی خاتون اس وقت تک خود کو سماجی بدنامی کے خطرے میں نہیں ڈالتی جب تک کہ حد سے تجاوز نہ کر لیا جائے۔"
![]() |
| instagram.com/humasaleemofficial |
اداکارہ نے تنبیہ کی کہ ان کی قانونی ٹیم جلد ہی کرکٹر کا نام اور ان کی مبینہ سرگرمیاں منظر عام پر لائے گی۔ ہما سلیم نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ جلد ہی یہ حقیقت بھی سامنے آئے گی کہ حالیہ دوروں کے دوران پی سی بی کے فنڈز سے یہ کھلاڑی ہوٹلوں میں کیا کچھ کرتا رہا ہے۔
ہما سلیم نے مزید انکشاف کیا کہ کرکٹر نے صرف انہیں ہی نہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کو بھی پیغامات بھیجے، تاکہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ اداکارہ کے مطابق، "یہ ہراسانی اس وقت بھی جاری رہی جب میں اس کے ساتھ تھی، اور جب میں نے کام پر واپسی کی تو اس نے میرے ساتھی اداکاروں کو بھی میسجز کر کے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی۔"
اداکارہ نے واضح کیا کہ ایک تکلیف دہ رشتے میں رہنے کے باوجود وہ اب تک خاموش تھیں، لیکن اب برداشت کی حد ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ ہر کہانی کے دو رخ ہوتے ہیں، اور وہ کرکٹر کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹ اور دھوکے کے خلاف تمام ٹھوس ثبوت اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ جلد عوام کے سامنے لائیں گی۔

