بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن نورین نیازی پر پاکستانی فوج کیخلاف ایک بیان دینے پر پیکا ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کردی گئی۔
نورین نیازی کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کی سیکشن 20 اور 26 اے کے تحت کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق نورین نیازی نے "پاکستانی افواج پر الزامات لگائے، ریاست پر عوام کا اعتماد متزلزل کرنے اور سراسیمگی پھیلانے کی کوشش کی گئی"۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق نورین نیازی نے جھوٹا، اشتعال انگیز، توہین آمیز اور دھمکی آمیز مواد پھیلایا، ایف آئی آر کے بقول نورین نیازی نے "ریاستی اور سکیورٹی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا"۔
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے نیشنل سائبر کرائم انٹیلیجنس اتھارٹی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف صرف ایک بیان دینے پر نورین نیازی کو طلب کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ نورین نیازی کا بیان پارٹی پالیسی نہیں بلکہ ان کی اپنی زاتی رائے ہے۔