Post Top Ad




دسمبر 13, 2020

ایرانی 'اینجلینا جولی' کو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی

 


مبینہ کاسمیٹکس سرجریاں کراکر ہالی وڈ اسٹار اینجلیناجولی کی  ہم شکل بننے کی کوشش کرنے والی ایرانی دوشیزہ سحر تبارکو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

سحر تبار  پر  سوشل میڈیا پر ایرانی نوجوانوں کو تشدد پر اکسانے، نوجوانوں میں کرپشن کی حوصلہ افزائی کرنے اور غیر قانونی ذرائع سے آمدن حاصل کرنے کے الزامات ہیں۔

انسٹا گرام پر سحر تبار کے نام سے معروف 23 سالہ ایرانی لڑکی کا اصل نام  فاطمہ خویشوند ہے۔

خیال رہےکہ سحر تبار سوشل میڈیا خاص طور پرانسٹا گرام پر 2017 میں اس وقت مشہور ہوئی تھیں جب انہوں نے اینجلینا جولی کی طرح نظر آنے کے لیے اپنی مبینہ طور پر 50 سے زائد کاسمیٹکس سرجریوں کے بعد تصاویر پوسٹ کی تھیں جس میں درحقیقت وہ کافی خوفناک نظر آرہی تھیں اور ان کا چہرہ کافی بگڑ چکا تھا۔

یہ تصاویر سامنے آنے کے بعد جہاں سحر کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا وہیں انہیں دنیا بھر سے ہمدردی بھی ملی اور وہ ایک سوشل میڈیا اسٹار بھی بن گئیں۔

تاہم بعد میں سحر نے اعتراف کیا تھاکہ انہوں نے ناک اور ہونٹوں سمیت چند سرجریاں کروائی ہیں تاہم ان کی شکل ویسی نہیں جیسا کہ وہ انسٹاگرام پر نظر آتی ہیں بلکہ وہ سب فوٹو شاپ کا کمال ہے اور یہ انہوں نے مشہور ہونے کے لیےکیا ہے۔

کتوبر 2019 میں انہیں حکومت کے خلاف نوجوانوں کو اکسانے سمیت دیگر الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا اور رواں سال اپریل میں قید کے دوران سحر تبار کورونا وائرس میں بھی مبتلا ہوگئی تھیں۔

سحر تبار کی وکیل کے مطابق ان کی مؤکل 10 سال کی قید کے خلاف اپیل کریں گی۔

Post Bottom Ad