ٹی وی ہوسٹ اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے سیدہ دانیہ کے ساتھ تیسری شادی کرلی۔
عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام پوسٹ پر اپنی تیسری شادی کی اطلاع دی اور اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ گزشتہ روز ہی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
عامر لیاقت نے یہ بھی لکھا کہ دانیہ کا تعلق لودھراں کے ایک معزز نجیب الطرفین سادات خاندان سے ہے۔
عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں سرائیکی خاندان کی تعریف کی اور مداحوں سے اپنے اور اہلیہ کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کی ایک تاریک سرنگ سے گزرچکے ہیں جو ایک غلط موڑ تھا۔
دوسری جانب عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ نے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزعامر لیاقت سےعلیحدگی سے متعلق ان کی دوسری سابقہ اہلیہ طوبیٰ کا مؤقف سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 'میں بوجھل دل کے ساتھ اپنی زندگی میں آنے والی ایک تبدیلی کے حوالے سے آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتی ہوں جس سے میری فیملی اور قریبی دوست آگاہ ہیں اور وہ یہ کہ 14 ماہ کی علیحدگی کے بعد یہ بات صاف تھی کہ اب مفاہمت اور صلح کی کوئی امید نہیں بچی لہٰذا مجھے خلع لینے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ لینا پڑا‘۔