مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر آج عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا۔
برینٹ کروڈ کی قیمت 2.77 ڈالر یا 3.14 فیصد اضافے کے ساتھ 90.87 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو 11 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 15.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جو اپریل کے بعد سب سے بڑا ہفتہ وار اضافہ ہے۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ 2.35 ڈالر یا 2.85 فیصد اضافے کے ساتھ 84.84 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے جو 12 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
گزشتہ ہفتے ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 15.5 فیصد اضافہ ہوا تھا جو مارچ کے اوائل کے بعد سب سے زیادہ ہفتہ وار اضافہ تھا۔
خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان شروع ہونے والی کشیدگی میں کمی کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آتا، امریکا نے گزشتہ شب بھی ایران پر حملے کیے ہیں جبکہ ایران کی جانب سے بھی خطے میں امریکی اہداف پر جوابی حملے کیے جارہے ہیں۔
