پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعودی کرکٹ بورڈ سے اہم معاہدہ کرلیا۔ معاہدے کے مطابق پاکستان اور سعودی کرکٹ بورڈز جلد سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کریں گے۔
معاہدے پر دستخط پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی جب کہ سعودی کرکٹ فیڈریشن کے صدر شہزادہ سعود بن مشعال بن محمد نے کئے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی شہر جدہ میں ایک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے، جہاں بہترین اسٹینڈرڈز پر مشتمل میڈیا باکس، براڈکاسٹر اسٹوڈیو، ہاسپیٹیلیٹی باکس کی تعمیر شامل ہوگی۔
