کیا ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی شادی کر رہے ہیں؟ نیویارک میں بڑی تقریب کی تیاریاں عروج پر

اگست 2025 میں انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے انہوں نے اپنی منگنی کا اعلان کیا۔ انسٹاگرام/ٹیلر سؤفٹ 


نیویارک: موسیقی کی دنیا کی بے تاج ملکہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکن فٹ بال اسٹار ٹریوس کیلسی کے مداحوں کے لیے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ 

اطلاعات کے مطابق یہ جوڑا اس ویک اینڈ پر نیویارک کے مشہورِ زمانہ 'میڈیسن اسکوائر گارڈن' میں اپنی شادی کی خوشی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کرنے جا رہا ہے۔

اس شادی کو لے کر گزشتہ سال اگست میں ہونے والی منگنی کے بعد سے ہی قیاس آرائیوں کا بازار گرم تھا۔ اگرچہ جوڑے نے تاحال اس پر باضابطہ لب کشائی نہیں کی، لیکن نیویارک کے سب سے بڑے انڈور اسٹیڈیم کو پورے ویک اینڈ کے لیے بک کر لینا اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ کچھ بڑا ہونے والا ہے۔

ایک طاقتور جوڑی

یہ صرف دو ستاروں کا ملاپ نہیں، بلکہ یہ امریکہ کی سب سے بااثر جوڑی بننے جا رہی ہے۔ اندازاً 2.2 ارب ڈالر کی مشترکہ دولت کے ساتھ، یہ جوڑا موسیقی، اسپورٹس، فلم اور میڈیا کی صنعتوں میں غیر معمولی اثر و رسوخ کا حامل ہے۔ تاہم 'سویفٹیز' (ٹیلر کے مداحوں) کے لیے یہ دو دہائیوں پر محیط کسی رومانوی کہانی کا حسین اختتام ہے۔

محبت کا سفر: اسٹیڈیم سے شادی کے منڈپ تک

ان کے تعلقات کا آغاز جولائی 2023 میں ہوا جب ٹریوس کو کینساس سٹی میں ٹیلر کے 'ایراس ٹور' کے دوران دیکھا گیا۔ ٹریوس نے پوڈ کاسٹ پر اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ٹیلر تک اپنا نمبر پہنچانے کی کوشش کی تھی، لیکن ٹیلر اس وقت اپنی آواز کی حفاظت کے پیشِ نظر ملاقاتوں سے گریز کر رہی تھیں۔

بعد ازاں، خود ٹیلر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ٹریوس کی جانب سے کی گئی یہ کوشش ان کے دل کو چھو گئی۔ ستمبر 2023 میں، جب ٹیلر کو ٹریوس کی ٹیم 'کینساس سٹی چیفس' کو سپورٹ کرتے ہوئے دیکھا گیا تو یہ تعلق منظرِ عام پر آ گیا۔


یہ بھی پڑھئیے:  امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ 2023ء کی بہترین شخصیت قرار


محبت کا اعلانیہ اظہار

ٹیلر، جو اپنی نجی زندگی کو صیغہ راز میں رکھنے کے لیے جانی جاتی ہیں، ٹریوس کے ساتھ اپنے تعلقات میں کھل کر سامنے آئیں۔ ارجنٹائن میں کنسرٹ کے دوران گانے کے بول میں تبدیلی ہو یا سپر باؤل کے میدان میں ان کا پرجوش اظہارِ محبت، یہ جوڑا مسلسل خبروں میں رہا۔

اگست 2025 میں انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے انہوں نے اپنی منگنی کا اعلان کیا۔ ٹریوس کے والد ایڈ کیلسی کے مطابق، یہ پروپوزل مسوری کے ایک باغ میں نہایت سادہ مگر خوبصورت انداز میں ہوا تھا۔

شادی کی تیاری

حال ہی میں ٹیلر کے البم 'دی لائف آف اے شوگرل' میں ان کی محبت کے قصے نمایاں رہے۔ شادی کی تاریخوں کو لے کر طویل عرصے سے چہ مگوئیاں جاری تھیں۔ اب جب کہ 13 جون کی متوقع تاریخ گزر چکی ہے، روڈ آئی لینڈ میں ٹیلر کی رہائش گاہ پر سرگرمیوں اور نیویارک ٹائمز کی رپورٹ نے اس بات کو تقریباً یقینی بنا دیا ہے کہ 4 جولائی کے ویک اینڈ سے قبل میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی یہ تقریب ان کی شادی کا جشن ہی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی
اشتہار