Post Top Ad




ستمبر 16, 2021

ویرات کوہلی کا ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑنےکا اعلان

 

Virat Kohli to resign from T20i Captaincy after World Cup

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  کے بعد مختصر فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ میں انتہائی خوش قسمت رہا ہوں کہ میں نے ناصرف بھارت کی نمائندگی کی ہے بلکہ میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کرتا ہوں۔

کوہلی کا کہنا تھا کہ میں ان تمام افراد کا مشکور ہوں جنہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے میرا ساتھ دیا۔ میں ساتھی کھلاڑیوں ، سپورٹنگ اسٹاف، سلیکشن کمیٹی اور کوچ سمیت ہر وہ بھارتی شہری جس نے ہماری ٹیم کے لیے دعا کی ،کا شکر گزار ہوں، ان کی مدد اور سپورٹ کے بغیر میں کچھ نہیں کر سکتا تھا۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ کام کے بوجھ کو سمجھنا بہت اہم  ہے ۔ گذشتہ8 سے 9 سالوں میں تینوں فارمیٹ کھلیتے ہوئے اور 5 ،6 سالوں سے مسلسل کپتانی کرتے ہوئے بہت زیادہ 'ورک لوڈ' کو محسوس کرتے ہوئے میں نے محسوس کیا کہ  مجھے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں بھارتی ٹیم کی قیادت بہتر طریقے سے کرنے کے لیے خود کو آرام دینے کی ضرورت ہے۔

ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان کی حیثیت سے میں نے ٹیم کے لیے ہرممکن کوشش کی ہے اور آئندہ بھی میں ٹی ٹوئنٹی میں ایک بیٹسمین کی حیثیت سے  اپنی کوشش جاری رکھوں گا۔


Post Bottom Ad