الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کردی

 


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

الیکشن کمیشن میں ہونے والی سماعت کے دوران، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اسلام آباد کے پیش نہ ہونے پر، کمیشن نے ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

 سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کمیشن کو بتایا کہ اسلام آباد میں ٹاؤن کارپوریشن کی حدود اور یونین کونسلوں کی تعداد کے نوٹیفکیشن کا کیس منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیج دیا گیا ہے، جبکہ مجوزہ حدود کے نقشہ جات بھی کمیشن کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ 15 اضلاع میں سے 7 اضلاع کے نقشہ جات اور یونین کونسلوں کے نوٹیفکیشن مکمل کر کے فراہم کر دیے گئے ہیں، جبکہ بقیہ 8 اضلاع کے معاملات صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد مکمل کیے جائیں گے۔ کمیشن کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (PBS) کی جانب سے نقشہ جات کی عدم فراہمی کی وجہ سے کام میں رکاوٹ آ رہی ہے۔

اس صورتحال پر الیکشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت 15 اضلاع (جن میں خیبر، کرک، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، ہری پور، مانسہرہ، اپر دیر، چترال، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، ساؤتھ وزیرستان اپر، ساؤتھ وزیرستان لوئر، سوات اور بر سوات شامل ہیں) کے حکام کو فوری طور پر نقشہ جات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے، بصورت دیگر انہیں آئندہ سماعت پر طلب کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ان 23 اضلاع میں، جہاں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، وہاں انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورتی میٹنگ فوری طلب کی جائے گی۔ اسی طرح، پنجاب میں 17 اگست 2026 کو حلقہ بندی مکمل ہونے کے فوراً بعد صوبائی حکومت سے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جا سکے۔

مذکورہ بالا کیس کی اگلی سماعت 7 جولائی 2026 کو ہوگی۔

جدید تر اس سے پرانی
اشتہار