وزیراعظم عمران خان نے کشمور واقعے میں بہادری دکھانے والے پولیس افسر کو ٹیلی فون کر کے شاباش دی۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے کشمور واقعے میں بہادری دکھانے والے اے ایس آئی محمد بخش اور ان کی بیٹی سے ٹیلی فون پر بات کی اور ان کے اقدامات کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہادری دکھانے پر اے ایس آئی محمد بخش کو شاباش دی اور کہا کہ آپ نے پولیس کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام نقائص دور کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جنسی زیادتی سے متعلق سخت آرڈیننس لا رہے ہیں۔
میں نےکشمورمیں زنابالجبرکےملزم کی گرفتاری کیلئےایک باہمت اورمثالی قدم اٹھانے والے ASI برڑو اورانکی بیٹی سےبات کی ہےاور انہیں سراہاہے۔قوم ان پر نازاں ہے اور انہوں نےپولیس کی ساکھ کوبھی سہارادیاہے۔تمام نقائص دورکرتےہوئےآئندہ ہفتےہم زنابالجبر کیخلاف ایک سخت اورمجموعی قانون لارہےہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 14, 2020
خیال رہے کہ چند روز قبل نوکری کا جھانسہ دیکر کراچی سے کشمور لائی گئی خاتون اور اس کی 4 سالہ بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
خاتون خیر اللہ بگٹی نامی ملزم کے چنگل سے جان چھڑا کر پولیس اسٹیشن پہنچی جہاں اے ایس آئی محمد بخش نے اپنی بیٹی کی مدد سے ملزم رفیق ملک کو گرفتار کیا اور پھر گرفتار ملزم کی نشاندہی پر 4 سالہ بچی علیشا کو ایک گھر سے بازیاب کرایا گیا۔
گزشتہ روز پولیس گرفتار ملزم رفیق کو اس کے ساتھیوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کے لیے ساتھ لیکر گئی تو ساتھی کی فائرنگ سے ملزم رفیق ہلاک ہو گیا جب کہ پولیس نے اجتماعی زیادتی میں ملوث دوسرے ملزم خیراللہ بگٹی کو گرفتار کر لیا۔
