![]() |
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔ |
رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کراچی میں انتقال کرگئے۔
عامر لیاقت حسین کو تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد عامر لیاقت کے انتقال کی تصدیق کی۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت حسین کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت حسین کی انتقال سے قبل کی گئی وصیت سامنے آگئی
ملازم نے بتایا کہ عامر لیاقت کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہوئی تھی، ان کےدل میں تکلیف ہورہی تھی، انہیں اسپتال جانے کا کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین کو ان کے گھر خداداد کالونی سے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔
عامر لیاقت کے ڈرائیور نے پولیس کو طبیعت خرابی کی اطلاع دی اور بتایا کہ ان کے کمرے سے گزشتہ روز چیخنے کی آوازیں بھی آئیں۔
پولیس کے مطابق عامر لیاقت کے گھر بجلی نہیں تھی جس کی وجہ سے جنریٹر چل رہا تھا اور گھر میں جنریٹر کا دھواں پھیلا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا جس کے بعد میت کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کے گھر سے شواہد جمع کیے جارہے ہیں، ان کے ملازمین اور ڈرائیورز سے بیانات لیے جائیں گے۔