ارووال: وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
تحصیل شکر گڑھ میں واقع گوردوارہ صاحب کے قریب کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بھارتی وزیروں پر مشتمل وفد، مختلف ممالک کے سفارتکاروں، عالمی مبصرین اور سکھ برادری کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بھارت کی نمائندگی وزیر خوراک ہرسمرت کور اور وزیر تعمیرات ہردیپ سنگھ نے کی جب کہ سابق بھارتی کرکٹر و سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر حکومتی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی صرف سیکھنے کے لیے ہوتا ہے، رہنے کے لیے نہیں، پاکستان اور بھارت کے تعلقات کا یہ حال ہے کہ ہم ایک قدم آگے بڑھ کر دو قدم پیچھے چلے جاتے ہیں، جب تک ہم ماضی کی زنجیریں نہیں توڑیں گے، آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔
قریب سے خطاب کے دوران نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کرتارپور راہداری کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس کے ساتھ عمران خان کا نام ضرور لکھا جائے گا۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ پاکستان نے سرحد کھول کر پوری کائنات ہماری جھولی میں ڈال دی ہے، بابا نانک کا فلسفہ جوڑنے کا ہے توڑنے کا نہیں، خون خرابہ بند ہونا چاہیے، امن آنا چاہیے، بہت خون خرابہ ہوگیا اور بہت نقصان ہوگیا۔