
بھارت کے ٹی وی پروگرام 'بگ باس' میں شرکت سے شہرت پانے والی اداکارہ ثنا خان نے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں جمعرات کو ثنا خان نے لکھا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت اور اپنے خالق کے حکم کی پیروی کرنا چاہتی ہیں۔ اسی لیے شوبز کو خیر باد کہہ رہی ہیں۔
ثنا خان نے تین زبانوں ہندی، اردو اور انگریزی میں جاری تفصیلی پوسٹ میں اپنے فالوورز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندگی کے ایک اہم موڑ پر ہیں۔ گزشتہ کئی دن سے وہ اپنے وجود کے اصل مقصد پر غور کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے یہ سوچ رہی تھیں کہ کیا انسان کے اس دنیا میں آنے کا اصل مقصد صرف دولت اور شہرت کا پیچھا کرنا ہے؟ کیا یہ اس کے فرائض کا حصہ نہیں کہ وہ اپنی زندگی ناداروں کی خدمت میں گزارے؟
ثنا خان نے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کمرشلز سے کیا تھا۔ اس شعبے میں انہیں جلد کامیابی سے ہم کنار کیا جس کے بعد وہ تامل فلموں میں اداکاری کرنے لگیں۔
ثنا خان ہدایت کار روہت شیٹھی کے ساتھ خطروں کے کھلاڑی سیزن 6 میں کام کر چکی ہیں۔ اس ٹی وی پروگرام میں انہوں نے بہت سے اسٹنٹس خود کیے۔جھلک دکھلا جا سیزن 7، کامیڈی نائٹس بچاؤ، کامیڈی نائٹس لائیو اور انٹرٹینمنٹ کی رات ثنا خان کے مشہور اور کامیاب ٹی وی شوز ہیں۔