پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر حکومت نواز شریف کی صحت اور زندگی کی ضمانت دے تو انہیں آج شام کی پرواز سے نواز کو واپس پاکستان بلا لوں گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے لاہور دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے میں جاں بحق افراد کے لیے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام کو پولیس کی قربانیوں پر فخر ہے۔
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم کا کہنا تھا کہ آپ کا تیسرا بجٹ چوتھے وزیر خزانہ نے پیش کیا، کنٹینر پر چڑھ کر کہتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی، اب ان موٹرویز کو گروی رکھنے سے کون سی ترقی ہو گی۔
