پاکستانی اداکارہ متھیرا بھی ملالہ یوسف زئی کے شادی سے متعلق بیان کے خلاف سامنے آگئی ہیں۔
خیال رہےکہ ملالہ یوسف زئی کا برطانوی فیشن میگزین 'ووگ' کو دیا گیا انٹرویو متنازع ہوگیا ہے جس میں ان کے شادی سے متعلق بیان پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور پاکستان میں یہ معاملہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
انٹرویو کے دوران ملالہ کا کہنا تھا کہ' مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ آپ صرف پارٹنر بن کر بھی تو رہ سکتے ہیں! ۔
اس بیان پر متھیرا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر ردعمل دیا اور کہا کہ میرا ووٹ نکاح کے لیے ہے۔ متھیرا کا کہنا تھا کہ 'مجھے 'ووگ' میگزین کے سرورق پر ملالہ کی تصویر پسند آئی، اس موقع پر متھیرا نے ملالہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ 'برائے مہربانی ہمیں نئی نسل کو شادی کی ترغیب کےساتھ یہ بتانا ہے کہ نکاح کرنا سنت ہے، یہ صرف کاغذات پر دستخط کرنا نہیں اور آپ کوئی پلاٹ نہیں خرید رہے، بلکہ یہ درست طریقے سے نئی اور خوشگوار زندگی کے آغاز کا راستہ ہے'۔
متھیرا نے یہ بھی کہا کہ ' زبردستی کی شادی،تشدد اورکم عمری کی شادی غلط ہے لیکن اللہ کی رحمت کے سائے میں نکاح خوبصورت اور خوشگوار ہے، اس لیے آپ کو لگتا ہے کہ کسی کو اپنی زندگی میں 'پارٹنر' بنانا ہے تو اس کے لیے حلال طریقہ اختیار کریں'۔