تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے اسلام آباد کی طرف متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اندرون شہر بیشتر راستے بند کردیے گئے ہیں، سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا ہے، فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بھی بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک بند کر دی گئی ہے، سڑکیں بلاک ہونے سے لوگوں کو سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ٹی ایل پی کا لاہور اور ملتان میں دھرنا جاری ہے اور اب انہوں نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کردیا ہے۔
ٹی ایل پی مجلس شوریٰ کے رکن صوفی سرور سیفی نے نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔
انٹرنیٹ سروس بند
لاہور اور ملتان میں دھرنے سے نمٹنے کے لیے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند رکھی گئی ہے۔ ملتان روڈ گرینڈ بیٹری اسٹاپ کے اطراف، اقبال ٹاؤن میں نیٹ سروس بند رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ایل پی کا مطالبہ ہے کہ ان کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کو رہا کیا جائے۔