آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں پاکستان نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا۔
With victory against Namibia, Pakistan have guaranteed their place in the #T20WorldCup semi-finals! 🇵🇰 pic.twitter.com/fPR1aENrE9
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) November 2, 2021
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 2 وکٹوں پر 189رنز بنائے ۔
محمد رضوان ناقابل شکست 79 اور بابر اعظم 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 113 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی یہ تیسری نصف سنچری ہے۔
پاکستان ٹیم کا اسکور 122 رنز پہنچا تو فخر زمان بھی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،جس کے بعد محمد رضوان اور محمد حفیظ کے درمیان 67 رنز کی شراکت داری بنی ۔
محمد رضوان 79 اور محمد حفیظ 33رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
رضوان نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کیرئیر کی 10 ویں نصف سنچری اسکور کی۔
نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور جین فریلنک نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پہلی وکٹ 8 رنز پر گری۔
مائیک وان 4 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
نمیبیا کا اسکور 55 رنز پہنچا تو اسٹیفن بارڈ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
نمیبیا کی تیسری وکٹ 83 رنز پر گری ،کپتان اراسمس 15 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے جبکہ کریگ ویلئمز 40 رنز بناکر شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ جے جے سمٹ 2 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے۔
نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے نے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے، وہ 43 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دےکر پانچویں مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی،عماد وسیم، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اپنا آخری میچ 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔