کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 291 عازمینِ حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی ائیر پورٹ سے پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 743 سے 291 عازمین حج مدینہ منورہ روانہ ہوئے جہاں جناح ٹرمینل پر ڈائریکٹر پی آئی اے پریسشن انجینئرنگ کمپلیکس ائیر وائس مارشل عرفان ظہیر نے عازمین کو رخصت کیا، پی آئی اے کی جانب سے عازمین حج میں چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں جب کہ عازمین حج سے پاکستان کی سلامتی اور پی آئی اے کی ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔
پی آئی اے اب تک تقریباً 2 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچاچکی ہے، قومی ائیر لائن کا قبل از حج آپریشن 3 جولائی تک جاری رہے گا اور بعد از حج کی پروازیں 14 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہیں گی۔