کراچی کی گرین لائن بس سروس 2 دن بند رہنے کے بعد دوبارہ سروس بحال کردی گئی۔
گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے ترجمان کے مطابق گرین لائن بی آر ٹی ایس کا آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، بحالی کے عمل میں سامان کے ساتھ ساتھ مسافروں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز شدید بارش کے باعث گرین لائن بس سروس کے بیشتر اسٹیشن اور مختلف مقامات پر گرین لائن ٹریک زیر آب آ جانے کے بعد بس سروس اتوار کے دن قبل از وقت ہی بند کر دی گئی تھی جو کہ پیر تک بند رہی۔ تاہم اب گرین لائن کے ٹریک سے پانی نکال لیا گیا ہے۔
ترجمان گرین لائن بی آر ٹی ایس کے مطابق سروس کی بحالی کا کام آج صبح شروع کیا گیا، اب گرین لائن بس سروس مکمل طور پر فعال اور محفوظ ہے۔