Post Top Ad




جنوری 14, 2023

نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز لی

 


نیوزی لینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کا 281 رنز کا ہدف با آسانی8 وکٹوں پر پورا کرلیا،گلین فلپس ناقابل شکست63 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیشنل بینک کرکٹ ارینا  کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے  بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے، فخر زمان 101 اور محمد رضوان 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔

فخر زمان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ 21 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم 13 گیندوں پر صرف 4 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے۔ 

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اسی دوران فخر زمان نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 8 ویں سنچری اسکور کی، محمد رضوان نے بھی سیریز کی دوسری اور اپنے کیرئیر کی آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔  

فخر زمان 101 اور رضوان 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاہ حارث سہیل 22،آغا سلمان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔

کیویز کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3  اور لوکی فرگوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کے 281 رنز کے ہدف کےتعاقب میں کیویز کا آغاز  اتنا برا نہ تھا، دونوں اوپنرز کے درمیان 43 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی،پھر فل ایلن 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان ڈیون کونوے کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 52 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے علاوہ کپتان ولیم سن نے  بھی 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

ڈیرل مچل 31 اور ٹام لیتھم 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تاہم اختتام اوورز میں فلپس نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلوائی۔

نیوزی لینڈ نے 281 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی  پورا کیا، پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور آغا سلمان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔

Post Bottom Ad