اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلا دیش کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دورہ بنگلا دیشی حکومت کی دعوت پر ہو رہا ہے، ڈھاکا میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بنگلا دیشی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
اسحاق ڈار کی بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات ہو گی، اسحاق ڈار خارجہ امور کے ایڈوائزر محمد توحید حسین سے بھی ملیں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ 13 برس بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بنگلا دیش ہے۔
Deputy Prime Minister and Foreign Minister, Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50, embarks upon a historic visit to Bangladesh. In Dhaka, he will hold important meetings with Bangladeshi leaders. The visit is a significant milestone in Pakistan-Bangladesh relations as a… pic.twitter.com/In13QwBcJj
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) August 23, 2025
1971 کے بعد پہلی بار بنگلا دیش نے پاکستانی حکام کے لیے ویزا کی شرط ختم کردی ہے، یہ معاہدہ 5 سال کے لیے نافذ العمل ہو گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش اور پاکستان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اب دونوں ملکوں کے درمیان سفر کرنے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں بنگلا دیش کی عبوری حکومت نے باہمی ویزا استثنیٰ کے اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
محمد یونس کے پریس سیکرٹری شفیق الاسلام نے ڈھاکا میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ بنگلا دیش کے 31 دیگر ممالک کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے موجود ہیں، اس معاہدے کے تحت پاکستانی حکام کو بھی بنگلا دیش میں ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت ہو گی۔