ایشین کرکٹ کانسل ( اے سی سی ) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے وینیوز کا اعلان کردیا۔
محسن نقوی کی سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ کے مطابق 9 سے 28 ستمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ کے میچز دبئی اور ابو ظبی میں کھیلے جائیں گے۔
15 ستمبر کو شیڈول عمان اور یو اے ای کا میچ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کھیلا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کی 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان ، بھارت، یو اے ای اور عمان گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ افغانستان، سری لنکا، بنگلادیش اور ہانگ کانگ کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا، پاکستان 12 ستمبر کو عمان اور 17 ستمبر کو یواے ای کے خلاف میدان میں اترے گا۔
سپر فور میں پاکستان اور بھارت کےکوالیفائی کرنےکی صورت میں دونوں ٹیموں کا 21 ستمبر کو دبئی میں آمنا سامنا ہوسکتا ہے۔
ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔