انٹرنیٹ کی رفتار تیز ہونے کی خواہش تو ہر کوئی کرتا ہے
لیکن اس تیز رفتاری کی وجہ سے سامنے آنے والے ایک بڑے نقصان نے ہر کسی کو حیران کر دیا ہے- جی ہاں حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ ایسے انٹرنیٹ صارفین جنہیں تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوتی ہے وہ نیند کی کمی کا زیادہ شکار ہوتے ہیں-
یہ حیرت انگیز انکشاف اٹلی کی Bocconi یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے-
![]() |
اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تیز رفتار براڈ بینڈ اور فائبر آپٹک کیبلز نے لوگوں کی نیند میں کمی پیدا کردی ہے- تیز رفتار انٹرنیٹ رکھنے والے افراد کی نیند ان لوگوں کے مقابلے میں 25 منٹ کم ہوتی ہے جن کے پاس تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہوتی-
محققین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار تیز ہو تو صارفین اپنا زیادہ تر وقت آن لائن رہ کر گزارتے ہیں اور اس دوران وہ سوشل میڈیا٬ ویڈیو گیمز یا ویڈیو دیکھنے میں مصروف رہتے ہیں-
انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال ان افراد میں نیند کی کمی کا باعث بنتا جس سے ان کے اندر تھکاوٹ کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے-
محققین کے مطابق صبح کا سخت شیڈول اور رات دیر تک ڈیوائسز کا استعمال انہیں 7 گھنٹے کی نیند سے محروم کردیتا ہے جبکہ دن بھر کی مصروفیات کی وجہ سے بھی انہیں آرام میسر نہیں آتا-
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ 13 سے 30 سال کی عمر کے افراد انٹرنیٹ زیادہ استعمال کرتے ہیں، اس کے مقابلے میں 31 سے 59 سال کی عمر کے افراد میں بھی یہ رجحان بڑھ رہا ہے تاہم وہ عام طور پر انٹرنیٹ براﺅزنگ کرتے ہوئے گزارتے ہیں.