Post Top Ad




ستمبر 03, 2021

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

 


کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

 گلستان جوہر ، پہلوان گوٹھ، ملیر، قائد آباد، سعدی ٹاؤن، کورنگی، قیوم آباد، ڈیفینس، گلشن اقبال اور سخی حسن کے اطراف میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ دوسری جانب  آئی آئی چندریگر  روڈ، صدر، شارع فیصل اور کلفٹن میں  بھی بادل برسے۔

اربن فلڈنگ کا خدشہ 

محکمہ  موسمیات کے مطابق،  شہر چاروں طرف سے بادلوں کی لپیٹ میں ہے جس کے پیش نظر مزید ایک سے دو گھنٹے  تک بارش ہو سکتی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے  حکام کا کہنا ہے کہ سمندر کی جانب سے مزید گہرے بادل شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں، شہر کے شمال مشرق میں بھی کافی بادل موجود ہیں، اگر یونہی تیز بارش ہوتی رہی تو اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کامختلف علاقوں کا دورہ 

دوسری جانب  حکام کی جانب سے شہریوں کے لیے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران اکثر مقامات پر پھسلن ہو جاتی ہے لہٰذا شہری (خاص طور پر موٹرسائیکل والے) گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور ڈرائیورز احتیاط سے گاڑی چلائیں۔ 

یڈمنسٹریٹر  کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بارش کے دوران  شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 

دورے کے دوران مرتضیٰ وہاب نے حکام کو ہدایات دیں کہ نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں اور تمام عملہ فیلڈ میں موجود رہے  تاکہ شہریوں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں اور مشرقی بلوچستان میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کے چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور مرطوب رہے گا۔

Post Bottom Ad