فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال پرعائد پابندیاں ختم کرکے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی۔
جیو نیوز کی خبر کے مطابق فیفا نے پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد پاکستانی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئے۔
اس کے علاوہ رکنیت بحال ہونے کی وجہ سے ملکی سطح پر فٹبال کی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا۔
پاکستان کی رکنیت کی بحالی پر فیفا نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ بیورو آف کونسل نے اپنے گزشتہ اجلاس میں پاکستان کی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
فیفا کا کہنا ہے کہ معطلی ختم کرنے کا فیصلہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کا مکمل کنٹرول نارملائزیشن کمیٹی کو ملنے پر کیا۔
فیفا کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کو بتایا گیا ہے کہ دوبارہ مداخلت ہوئی تو پھر سے معطل کردیا جائے گا۔
اس کے علاوہ فیفا کا کہنا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں 30 جون 2023 تک کی توسیع بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفاتر پر اشفاق حسین گروپ کے قبضے کے بعد فیفا نے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا تھا۔