ق لیگ کے 10 ووٹ مسترد ہونے کے بعد وزیراعلیٰ منتخب ہونے والے حمزہ شہباز نے دوسری مرتبہ اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی تقریب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے حمزہ شہباز سے عہدے کا حلف لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز تقریباً پونے تین گھنٹے کی تاخیر سے شام 7 بجے شروع ہوا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل شروع کرایا۔
ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔
تاہم ڈپٹی اسپیکر نے چوہدری شجاعت کا ایک خط پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے حمزہ کو ووٹ ڈالنے کا کہا تھا، جس کی بناء پر ڈپٹی اسپیکر نے ق لیگ کے تمام 10 ووٹ مسترد قرار دے کر حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کی رولنگ دی۔
اپوزیشن یہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے گئی جہاں اس اسکی سماعت جاری ہے اور عدالت نے ڈپٹی اسپیکر کو آج 2 بجے سپریم کورٹ طلب کیا ہے۔
