ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پچھلے میچ کی ہار کا حساب برابر کردیا۔
پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کیا۔
We will never get enough of India - Pakistan thrillers!
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) September 4, 2022
PAKISTAN WIN WITH ONE BALL TO SPARE 👏 #INDvPAK | #AsiaCup2022
محمد رضوان نے 71 اور محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل بھارت نے پاکستان کو ایشیا کپ 2022 کے گروپ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے ، ویرات کوہلی60 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے خلاف بھارت کا آغاز کافی اچھا رہا، بھارت کی پہلی وکٹ 54 کے مجموعی اسکور پر گری، روہت شرما 16 گیندوں پر 28 رنز پر آؤٹ ہوئے۔بھارت کو دوسرا نقصان کے ایل راہول کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ بھی 28 رنز بناسکے۔
اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنٹ 14 اور ہاردک پانڈیا صفر پر آؤٹ ہوگئے، جہاں بھارت کی وکٹیں گر رہی تھیں وہیں دوسری جانب ویرات کوہلی میدان کے چاروں اطراف دل کش شاٹس کھیل رہے تھے۔کوہلی نے 44 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارتی اننگز کے آخری اوور میں فخر زمان نے مس فیلڈ کرتے ہوئے 2 چوکے بھارت کی جھولی میں ڈال دیے، بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، 22 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 18 گیندوں پر 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔2 وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور بیٹنگ آرڈر میں پروموٹ کیے گئے محمد نواز کے درمیان 84 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن 147 کے مجموعی اسکور پر نواز 20 گیندوں پر برق رفتار 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان بھی 51 بالز پر 71 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوگئے ۔ 4 وکٹیں گرنے کے بعد اختتامی اوورز میں خوشدل اور محمد آصف نے جارحانہ اننگز کھیلی۔
آصف علی نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے جبکہ خوشدل 11 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
An all-round show from Mohammad Nawaz against arch-rivals India 👏 #INDvPAK | #AsiaCup2022
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) September 4, 2022
محمد نواز کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
