پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ لیئم ڈاؤسن اور ہیری بروک 34،34 رنز بناکر نمایاں رہے۔
WHAT A FINISH! 🤩
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 25, 2022
Pakistan win their 200th T20I by 3️⃣ runs!#PAKvENG | #UKSePK pic.twitter.com/osiyXhNHZh
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
شروعات میں پاکستان کا آغاز کافی اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان نے دوسری وکٹ شان مسعود کی گنوائی، وہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے، خوشدل شاہ اس میچ میں بھی خاطر خواہ پرفارمینس نہ دکھاسکے، انہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔
محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور 67 گیندوں پر 88 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری اوور میں آصف علی کے 2 چھکوں کی بدولت پاکستان نے20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔ آصف علی 3 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹوپلی نے 2 ، ڈاؤسن اور ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا،14 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔فل سالٹ 8، الیکس ہیلز5 اور ول جیک صفر پر آؤٹ ہوئے۔
انگلش ٹیم کو چوتھا نقصان بین ڈکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 33 رنز بناکرٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس کے علاوہ کپتان معین علی 29 اور ڈیوڈ ولی 11 رنز بناسکے۔
مسلسل وکٹیں گرنے کے دوران ہیری بروک اور لیام ڈاؤسن نے انگلش ٹیم کو جیت کی امید دلوائی لیکن وہ بھی34،34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کو 10 گیندوں پر 5 رنز درکار تھے لیکن حارث رؤف نے 19 ویں اوور میں مسلسل 2 گیندوں پر 2 وکٹیں لے کر پاکستان کو جیت کے قریب کیا۔
انگلینڈ کو آخری اوور میں 4 رنز جبکہ پاکستان کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم 20ویں اوور میں شان مسعود نے ٹوپلی کو رن آؤٹ کرکے پاکستان کو 3 رنز سے کامیابی دلوادی۔
An extraordinary finale in Karachi - Pakistan win a classic!
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) September 25, 2022
(via @TheRealPCB) #PAKvENG pic.twitter.com/ML9We8kXpY
پاکستان کی جیت کے ساتھ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا 200 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہی تھی۔قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔
سیریز کے بقیہ تین لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کے شائقین پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کے میچز درج ذیل چینلز پر براہراست دیکھ سکتے ہیں:
PTV Sports
A Sports
ARY ZAP Mobile App (Android) (iOS)