Post Top Ad




اکتوبر 02, 2022

انگلینڈ نے ساتویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 67 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی

 


انگلینڈ نے ساتویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 67 رنز سے عبرتناک شکست دے کر سیریز 3-4 سے جیت لی۔

انگلینڈ کے 210 رنز کے بڑے ہدف کے سامنے پاکستانی بیٹرزمقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 142رنز بناسکے، شان مسعود 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان  نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے، ڈیوڈ ملان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم کا آغازکافی جارحانہ رہا، دونوں اوپنرز نے 39 رنز کی شراکت داری بنائی لیکن پھر ایلکس ہیلز 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

101 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیوڈ ملان اور ہیری بروک نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 209 رنز تک پہنچایا۔ملان 47 گیندوں پر 78 اور ہیری بروک 29 گیندوں پر 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز کافی برا رہا، اوپنرز بابر اعظم 4 اور رضوان صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو تیسرانقصان افتخار احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 16 گیندوں پر 19 رنز بناکر پویلین لوٹے،اس کے علاوہ خوشدل شاہ 25 گیندوں پر 27 اور آصف علی 9 گیندوں پر 7 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔

شان مسعود نے 56 رنز کی اننگز کھیلی پر وہ بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے، اس کے علاوہ محمد نواز 9 اور وسیم جونئیر 5 رنز بناکر واپس لوٹے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں پر 142 رنز بنائے، یوں انگلینڈ نے 67 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 3-4 سے اپنے نام کرلی۔

Post Bottom Ad